Daily updates

افغانستان: گارڈ کی فائرنگ سے صوبائی پولیس چیف ہلاک


World latest News

18/10/18   ویب ڈیسک
کابل: افغانستان کے صوبے قندھار میں ایک حملے کے نتیجے میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبدالرازق ہلاک ہوگئے جبکہ نیٹو فورسز کے کمانڈر محفوظ رہے۔
طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب اعلیٰ حکام گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جانے کے لیے ہیلی پیڈ کے پاس جارہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں ریزولٹ سپورٹ کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ ملر اور دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق حملے کی ابتدا گورنر کے محافظ کی جانب سے کی گئی تاہم حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا۔
اس سے قبل آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ حملے میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے صوبائی چیف زخمی ہوئے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل نہیں ہوسکیں۔
ادھر ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے افغان ٹیلی ویژن کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حملے میں 2 امریکی فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ ملر محفوظ رہے۔
افغانستان میں نیٹو فورسز کے ترجمان اور امریکی فوج کے کرنل کنوٹ پیٹر کا کہنا تھا کہ واقع میں 2 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کردی گئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ یہ نشاندہی کرتی ہیں کہ حملہ آور جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگیا۔
اے پی کی علیحدہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان کے صوبے پروان کے ضلع بگرام میں طالبان کے خود کش حملے میں 2 افغان شہری ہلاک جبکہ چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے 5 فوجی زخمی ہوگئے۔
صوبائی گورنر کی خاتون ترجمان واحدہ شاکرا کے مطابق حملے میں دیگر 3 شہری زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
طالبان کے حملے میں چیک جمہوریہ کے زخمی ہونے والے 5 فوجی اہلکاروں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی لیکن چیک جمہوریہ کی فوج کا کہنا تھا کہ زخمی اہلکار کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں۔

Urdu Updates

Back





World Latest News Updates, Balochistan News, Get the latest World News: international news, features and analysis from Balochistan, the Asia-Pacific, Europe, Latin America, the Middle East, South Asia, and the United States and Canada.