Daily updates

نون لیگ اور پی ٹی آئی کی چار، چار حلقوں میں برتری


World latest News

14/10/18   بی بی سی
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رزلٹ ٹرنسمیشن سسٹم سے موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کو چار، چار حلقوں میں سبقت حاصل ہے جبکہ دو حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ق اورایک حلقے میں متحدہ مجلس عمل کو برتری حاصل ہے۔
پاکستان میں جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پولنگ ختم ہو گئی ہے اور ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔
اتوار کو ہونے والے ان ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی کل 24 نشستیں شامل ہیں۔
اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیرسرکاری تنائج کے مطابق لاہور کے حلقوں این اے 131 اور این اے 124 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی کو برتری حاصل ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب اسمبلی کے پانچ حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کو چار نشتستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ ایک نشست میں آزاد امیدوار کو سبقت ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے سات حلقوں میں پی ٹی آئی جبکہ دو حلقوں میں عوامی نیشنل پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
سندھ اسمبلی کے دونوں حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو سبقت حاصل ہے جبکہ بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے ایک، ایک حلقے میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور ایک آزاد امیدوار کو سبقت حاصل ہے۔
ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانی بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
یہ وہ نشستیں ہیں جن پر مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات ملتوی ہوئے یا پھر ایک سے زائد نشستوں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو چھوڑنا پڑیں۔
قومی اسمبلی کی جن 11 نشستوں پر اتوار کو ووٹنگ ہوئی ان میں سے چار نشستیں وہ ہیں جو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چھوڑی تھیں۔
انھوں نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کل پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا تھا تاہم بعد میں کامیاب ہونے کے بعد انھوں نے این اے-35 بنوں، این اے-53 اسلام آباد، این اے-131 لاہور اور این اے-243 کراچی کی نشست خالی کردی جبکہ میانوالی کی نشست محفوظ رکھی۔
اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر نظر ڈالی جائے تو پنجاب اسمبلی کے 11، خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے دو، دو حلقوں میں آج ووٹنگ ہو گی اور کوئی چھ سو سے زائد امیدوار مدمقابل ہوں گے۔
ان قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد سات ہزار چار سو 89 ہے جن میں رجسٹر ووٹرز کی تعداد 92 لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے۔
کسی دوسری جماعت کو ان انتخابات میں ہار جیت سے زیادہ فرق پڑے یا نہیں، حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے لیے ان میں ہر ایک نشست انتہائی اہمیت کی حامل ہو گی۔ قومی اسمبلی کی وہ کم از کم 10 نشستیں جیتنے کے خواہاں ہوں گے۔

Urdu Updates

Back





World Latest News Updates, Balochistan News, Get the latest World News: international news, features and analysis from Balochistan, the Asia-Pacific, Europe, Latin America, the Middle East, South Asia, and the United States and Canada.