Daily updates

شہباز شریف کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا


World latest News

06/10/18   بی بی سی
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتاری کے بعد آج سنیچر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
جمعے کو قومی احتساب بیورو نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں وزیراعلی کی حیثیت سے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
سنیچر کو شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے احتجاج کے پیش نظر احتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
شہباز شریف کی گرفتاری جمعے کو اس وقت عمل میں آئی جب وہ لاہور میں احتساب بیورو کے دفتر میں صاف پانی سکینڈل کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے آئے تھے۔
نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری کی وجوہات کے حوالے سے جمعے کی رات ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔
جمعے کی رات جاری کیے والے اعلامیے کے مطابق
شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمینٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیار حاصل کیے۔
شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی کو غیر قانونی طور پر کہا کہ آشیانہ منصوبہ ایل ڈی اے کو دیا جائے۔
شہباز شریف نے غیر قانونی طور پر پراجیکٹ ایل ڈی اے کو ٹرانسفر کیا۔ شہباز شریف کے قریبی ساتھی احد چیمہ اس وقت ایل ڈی اے کی سربراہی کر رہے تھے۔ لطیف اینڈ سنز کمپنی کا کنٹریکٹ غیر قانونی طور پر منسوخ کیا گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو غیر قانونی منافع دینے کے لیے ٹھیکہ منسوخ کروایا۔
شہباز شریف نے وزیر اعلی کی حیثیت سے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ شریک ملزم احد چیمہ نے ملی بھگت سے سے آشیانہ اقبال کے ٹھیکے کی منقتلی کے لیے غیر قانونی فوائد حاصل کیے۔
اسی طرح پبلک پارٹنرشپ کے تحت ٹھیکہ منظور نظر بسم اللہ انجنیئرنگ کو دیا گیا۔ بسم اللہ انجنیئرنگ پیراگون کی پراکسی کمپنی تھی۔ پنجاب لینڈ ڈویلپمینٹ کمپنی صوبے میں ایسے پراجیکٹ کے لیے خاص طور پر بنائی گئی تھی۔
شہباز شریف کے اس اقدام سے قومی خزانے کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ شہاز شریف کا یہ اقدام غیر قانونی اور بد نیتی پر مبنی تھا۔
خیال رہے کہ شہباز شریف اس وقت قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں اور قوانین کے تحت ان کی باضابطہ گرفتاری کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سے بھی رابطہ کیا گیا۔
قانون کے تحت قومی اسمبلی کے کسی بھی رکن کی گرفتاری کی صورت میں سپیکر کو اطلاع دی جانی ضروری ہے۔
گرفتاری کے بعد شہباز شریف کو لاہور میں نیب کے دفتر میں ہی رکھا گیا ہے اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق دفتر کے باہر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہےآ
پنجاب کے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن نے شہباز شریف کی گرفتاری پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام کی امید ہے کہ بددیانت لوگوں کے خلاف مہم چلائی جائے‘۔
ان کا کہنا تھا ’انھوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا تھا۔ یہ تو آغاز ہے، اس کے علاوہ دوسرے لوگ بھی ہیں جن کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔ '
انھوں نے مزید کہا ’شہباز شریف کے الفاظ ہیں کہ میری مرضی کے بغیر کسی کی ٹرانسفر نہیں ہو سکتی۔ میرے بغیر پنجاب میں کچھ نہیں ہو سکتا، اس لیے انھی کو مجرم ٹھہرایا جائے گا۔‘
دوسری جانب چند ماہرین شہباز شریف کو حراست میں لیے جانے کے فیصلے کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دھیان بٹانے کا قدم قرار دے رہے ہیں۔
مسلم لیگ نواز کے صدر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوامی خدمت گاروں کو محض سیاسی مخالف ہونے پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی ملک و قوم کا نقصان کرچکی ہے۔
جماعت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مسلم لیگ ن کے لیے یہ ہتھکنڈے نئے نہیں اور سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بدقسمت تاریخ ایک بار پھر دہرائی جا رہی ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر شہباز شریف کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ حکومت مسلم لیگ ن سے کتنی خوفزدہ ہے اور آزادانہ غیرجانبدارانہ الیکشن مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔
بیان کے مطابق مسلم لیگ ن تمام صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور قائدین کی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Urdu Updates

Back





World Latest News Updates, Balochistan News, Get the latest World News: international news, features and analysis from Balochistan, the Asia-Pacific, Europe, Latin America, the Middle East, South Asia, and the United States and Canada.