Balochistan Urdu News



World latest News

جی سیون وزرا کی امریکی محصولات پر تنقید، تجارتی جنگ کی تنبیہ


03/06/18   بی بی سی
جی سیون گروپ کے ناراض وزرائے خزانہ نے امریکہ کے وزیرِ خزانہ سٹیو مونچن کو امریکہ کی جانب سے یورپی سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی محصولات عائد کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کینیڈا میں منعقد ہونے والے جی سیون گروپ کے ایک اجلاس میں یورپی یونین اور کینیڈا نے امریکی فیصلے کے خلاف جوائی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔
فرانس کے وزیرِ خزانہ نے خبر دار کیا ہے کہ ’تجارتی جنگ ’چند دنوں میں شروع ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی محصولات عائد کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محصولات امریکی سٹیل سازوں کا تحفظ کریں گے جو کہ ملکی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ اور دیگر جگہوں پر امریکی کمپنیوں کو درپیش رکاوٹوں کے بارے میں بھی شکایت کی۔
سٹیو مونچن نے اس بات کی تردید کی امریکہ نے عالمی معیشت کی قیادت چھوڑ دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جذبات کو دوسرے ممالک تک پہنچا دیا ہے۔
بی بی سی شمالی امریکہ کے نامہ نگار کرس بکلر کا کہنا ہے کہ جی سیون اجلاس کے بعد مشترکہ بیان جاری نہ ہونا اختلاف کا واضح اشارہ ہے۔
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ بحث اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے جب جی سیون ممالک کیوبک میں ملاقات کریں گے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔
امریکی کامرس سیکریٹری ولبر راس نے جمعرات کو کہا تھا کہ سٹیل پر 25 جبکہ اور ایلومینیم پر 10 فیصد محصولات نافذ کر دی گیئں ہیں۔
جن اشیا پر محصولات نافذ کی گئی ہیں ان میں پلاسٹک سٹیل، سلیب، کنڈلی، ایلومینیم اور ٹیوبوں کے رول شامل ہیں، خام مال جو امریکہ میں بڑے پیمانے پر مینوفیکچررز، تعمیرات اور تیل کی صنعت میں استعمال ہوتے ہیں۔
ولبر راس کا کہنا تھا کہ یورپی یونین، کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ ہونے والے مذاکرات نے محصولات کو نافذ کرنے سے روکنے کی ضمانت دینے کے لیے کافی پیش رفت نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ کینیڈا ، میکسیکو اور یورپی یونین نے سنہ 2017 میں امریکہ سے 23 ارب ڈالر مالیت پر مبنی سٹیل اور ایلومینیم برآمد کیا تھا۔
یورپی یونین، کینیڈا اور میکسیکو کے رہنماؤں نے امریکی فیصلے کی مزمت کی ہے۔
فرانسیی صدر ایمینوئل میکخواں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کال کر کے ان محصولات کو ’غیر قانونی‘ قرار دیا جس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ امریکی تجارت میں توازن تبدیل کرنے کی ضرورت تھی۔
یورپی یونین نے بھی امریکی مصنوعات پر محصولات کی دس صفحات پر مبنی فہرست جاری کی ہے جس میں ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکل سے لے کر بوربن شراب تک شامل ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ’قطعی ناقابلِ قبول‘ ہے۔
کینیڈا کا منصوبہ ہے کہ وہ یکم جولائی سے امریکہ کی 13 ارب ڈالر کی برآمددات پر 25 فیصد محصولات عائد کرے گا۔ ان اشیا میں امریکی سٹیل سے لے کر عام صارفین کے استمعال کی چیزین جیسے دہی، وسکی اور کافی شامل ہیں۔

Back





World Latest News Updates, Balochistan News, Get the latest World News: international news, features and analysis from Balochistan, the Asia-Pacific, Europe, Latin America, the Middle East, South Asia, and the United States and Canada.