Balochistan Urdu News



World latest News

کوئٹہ: کوئلے کی کان میں حادثہ، 16 کان کن جاں بحق


06/05/18   نیوزڈیسک
بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے کم از کم 16 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد طارق کے مطابق کان میں حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کوئلے کی کان گیس دھماکے کے نتیجے میں بیٹھ گئی جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ملبے تلے دبے ایک کان کن کی تلاش جاری ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران جاں بحق 6 کان کنوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جب کہ 6 کو زخمی حالت میں نکال کر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ عتیق اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے عہدیدار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کام کی نگرانی کی۔
کان کنوں کو بچانے کے لیے جاری امدادی کام میں فرنٹیئر کور (ایف سی)، لیویز اور کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار بھی جائے وقوع پر موجود تھے۔
ڈان کو انتظامی عہدیداروں نے بتایا کہ متاثرہ کان کنوں میں اکثریت کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کوئلے کی کانوں میں پیش آنے والے حادثات سے سالانہ سیکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مطابق کوئلے کی کانوں میں پیش آنے والے واقعات میں سالانہ 100 سے 200 کے درمیان کان کنوں جاں بحق ہوجاتے ہیں۔
درہ آدم خیل اور جہلم میں گزشتہ ماہ پیش آنے والےاسی طرح کے واقعات میں کم از کم 11 کان کن جاں بحق ہوئے تھے۔
کوئلے کی کان کو گیس، کوئلے کی دھول اور گرد کے باعث خطرناک سمجھا جاتا ہے جو اچانک بیٹھ جاتی ہے یا معمولی سی غلطی کے باعث خوف ناک حادثات پیش آتے ہیں۔

Back





World Latest News Updates, Balochistan News, Get the latest World News: international news, features and analysis from Balochistan, the Asia-Pacific, Europe, Latin America, the Middle East, South Asia, and the United States and Canada.